بھارتی پنجاب میں خوفناک حادثہ، ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت 2 افراد ہلاک

Calender Icon اتوار 1 نومبر 2026

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں معروف بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ (Honey Singh)کے بھانجے سمیت دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ دونوں دوست ایک سالگرہ کی تقریب سے واپس گھر جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ودت اولاک اور آراو تلور کے نام سے ہوئی ہے۔ ودت اولاک گلوکار ہنی سنگھ کے بھانجے اور پنجابی میوزک کمپنی اسپیڈ ریکارڈز کے مالک دنیش اولاک کے بیٹے تھے، جبکہ آراو تلور معروف کاروبار پپی سویٹس کے مالک کے بیٹے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ اتوار کی علی الصبح جالندھر میں پولیس لائنز کے قریب ایک فلائی اوور پر پیش آیا۔ دونوں نوجوان اپنے دوست کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد ووکس ویگن کار میں گھر واپس جا رہے تھے۔

مزیدپڑھیں:ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ختم، گوشوارے جمع نہ کرانے والے کن افراد پر جرمانہ نہیں ہوگا؟

بارادری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ساحل چوہدری کے مطابق پولیس کو حادثے کی اطلاع تقریباً رات 3 بجے ملی۔ اس وقت میونسپل کارپوریشن کے صفائی کارکن فلائی اوور پر صفائی کر رہے تھے اور کچرا جمع کرنے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی تھی۔

پولیس افسر کے مطابق کار بی ایم سی چوک سے بی ایس ایف چوک کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق حادثے سے قبل کار میں مجموعی طور پر پانچ افراد موجود تھے۔ ان میں سے ودت اولاک اور آراو تلور جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر تین افراد پہلے ہی اپنے گھروں کو واپس جا چکے تھے۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں نوجوانوں کی لاشیں تحویل میں لے لیں۔ رپورٹ کے مطابق اہل خانہ نے مزید قانونی کارروائی سے انکار کیا، جس کے بعد لاشیں ان کے حوالے کر دی گئیں۔

حادثے کے بعد گلوکار یو یو ہنی سنگھ نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی۔