لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ہیڈکوارٹر کی عمارت سے سرویلنس ڈرون ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈرون رات ساڑھے 12 بجے جلو موڑ کی جانب سے ہربنس پورہ کی طرف آیا، ڈرون سے ممکنہ طور پر سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کی عمارت کے اندرونی حصوں کی ریکی کی جا رہی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ جدید ساختہ سرویلنس ڈرون عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گر گیا، ڈرون کے ساتھ منسلک کیمرہ اور بیٹری لائٹ فعال تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دہشتگردی کی نیت سے سکیورٹی ادارے کی ریکی کی جا رہی تھی ، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کا معائنہ کیا اور اسے کلیئر قرار دیا، جس کے بعد سی ٹی ڈی کی سکیورٹی ٹیم نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، سی ٹی ڈی کی سکیورٹی ٹیم نے تھانہ ہربنس پورہ میں کارروائی کیلئے درخواست جمع کرا دی ہے۔
خیال رہے پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چار روز قبل صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید 30 روز کے لیے توسیع کی تھی۔
مزید پڑھیں:مصر، بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم، 10 افراد ہلاک، 24 زخمی
محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا مقصد عوامی تحفظ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سرکاری و نجی املاک کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ محکمہ داخلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔













اتوار 1 نومبر 2026 

