‘غریب کی غربت کا مذاق بنایا گیا’: خواجہ آصف مسٹر پتلو کی مہندی میں حادثے پر برہم

Calender Icon پیر 2 نومبر 2026

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف(Khawaja Asif) نے ڈسکہ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں بھگدڑ سے دو افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تقریب کے ذریعے علاقے کے غریب عوام کی غربت کا مذاق بنایا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسٹر پتلو کے نام سے مشہور ٹک ٹاکر نے شادی کی تقریب میں قیمتی انعامات اور بھاری نقد رقوم دینے کا اعلان کرکے لوگوں کی بڑی تعداد جمع کی۔ ان کے بقول یہ سارا ڈراما سوشل میڈیا سے مزید کمائی کرنے کے لیے کیا گیا، جہاں انعامات اس کی سرمایہ کاری اور اصل کمائی کا ذریعہ سوشل میڈیا تھا۔


وزیر دفاع نے کہا کہ تقریب میں جمع ہونے والے بڑے ہجوم کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ ٹک ٹاکر مفرور ہے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بے لگام سوشل میڈیا معاشرے اور ریاست کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔

مزیدپڑھیں:’دل کرتا ہے خودکشی کر لوں، یہ میری آخری ویڈیو ہوسکتی ہے‘، مسٹر پتلو کی رو رو کر فیلڈ مارشل اور مریم نواز سے اپیل

انہوں نے ٹک ٹاکرز کی آمدن اور ٹیکس قوانین پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کما رہے ہیں، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا موجودہ ٹیکس قوانین ان کی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کررہے ہیں؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران انعامی تقریب کے لیے گیٹ مقررہ وقت سے پہلے کھول دیے گئے تھے، جس کے باعث وہاں موجود افراد میں افراتفری پھیل گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے جبکہ 30 سالہ عقیل اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا، جس میں مسٹر پتلو سمیت 9 افراد نامزد اور 40 سے 45 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا۔ پولیس نے مبینہ طور پر ملوث 6 ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔