امریکا کا ایران پر نیا حملہ: جزیرہ قشم میں فضائی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ

Calender Icon ہفتہ 7 نومبر 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر تازہ فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب واقع جزیرہ قشم میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔

واشنگٹن / تہران: امریکا نے ایران کے جزیرہ قشم میں قائم فضائی دفاعی نظام پر نیا حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ایرانی ذرائع نے بھی خطے میں دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔ رواں ہفتے جزیرہ قشم اور آبنائے ہرمز کے اطراف یہ دوسری امریکی فوجی کارروائی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس محدود فوجی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی کو معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا تیار کردہ چھوٹا فضائی دفاعی نظام امریکی فوج نے محض چند منٹوں میں تباہ کر دیا، تاہم امریکی صدر نے حملے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جزیرہ قشم کے علاقے سوزہ میں دو شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ علاوہ ازیں ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے جزیرہ قشم کے اوپر پرواز کرنے والے امریکی ایم کیو-1 پریڈیٹر ڈرون کو مار گرایا ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

یہ فوجی پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام اور جنگ بندی سے متعلق نئی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ مجوزہ تجاویز میں امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور منجمد ایرانی اثاثوں کی کچھ رقم کی واگزاری شامل ہے، جبکہ ایران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے پابندیوں کے خاتمے اور جنگی نقصانات کے معاوضے سمیت متعدد شرائط پیش کی ہیں۔