بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کا دور اب اختتام کے قریب ہے: فرح خان

Calender Icon ہفتہ 7 نومبر 2026

معروف فلمساز فرح خان نے نئی نسل کے اداکاروں میں عدم اعتماد اور غیر ضروری مداخلت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کا سنہری دور اب ختم ہو رہا ہے۔

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے انڈسٹری کے موجودہ حالات اور نئی نسل کے اداکاروں کے رویے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں سپر اسٹارز کا دور اب اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فرح خان نے شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن، عامر خان اور اکشے کمار کو بالی ووڈ کے آخری حقیقی سپر اسٹارز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان عظیم اداکاروں کے بعد انڈسٹری کا وہ روایتی اور سحر انگیز سنہری دور ختم ہو جائے گا۔

فرح خان نے نئی نسل کے اداکاروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ موجودہ دور کے اداکار فلم سازی کے ہر شعبے بشمول ہدایت کاری، کوریوگرافی، موسیقی اور کاسٹنگ میں بلاوجہ کی مداخلت کرتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بعض نئے فنکار شوٹنگ پر آنے سے قبل اپنے مکالمے تک یاد نہیں کرتے اور سیٹ پر پہنچ کر اسکرپٹ یا مناظر تبدیل کرنے کی ضد کرتے ہیں، جبکہ ان کی توجہ معیاری فلموں کے بجائے میگزین کورز اور ایوارڈز پر زیادہ ہوتی ہے۔

اس کے برعکس سینئر فنکاروں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے ’میں ہوں ناں‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ میں کاسٹنگ کے تمام فیصلے مکمل طور پر ہدایت کار پر چھوڑ دیے تھے۔ اسی طرح سلمان خان نے کبھی اتوار کو کام کرنے سے انکار نہیں کیا۔ فرح خان کے مطابق ماضی کے سپر اسٹارز آج بھی اپنی پہلی فلم جیسی محنت کرتے ہیں اور ہدایت کار کی صلاحیتوں پر پورا بھروسا رکھتے ہیں۔