سینڈ پیپر اسکینڈل میں آسٹریلوی ٹیم کے ملوث ہونے اور کپتان پیٹ کمنز کے بیان پر وسیم اکرم(wasimakram) نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بولرز کو پتہ ہوتا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے یا نہیں، پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ وہ اس میں ملوث نہیں تھے اور نہ ہی سینڈ پیپر کا معلوم تھا۔
وسیم اکرم نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے اس تنازع کے بارے میں سن رہا ہوں، میرے دوست پیٹ کمنز نے بھی کہا کہ وہ اس حوالے سے نہیں جانتے، شاید ٹیم کو اس وقت پتہ نہ ہو کہ کیا ہو رہا ہے، یہ میری رائے ہے جو غلط بھی ہو سکتی ہے اور ٹھیک بھی۔
My two cents on the sandpaper issue. pic.twitter.com/ig3HcQpkdK
— Wasim Akram (@wasimakramlive) November 14, 2026
ان کا کہنا ہے کہ بطور بولر آپ گیند کا خیال کرتے ہیں، گیند کی ایک سائیڈ رگڑنے اور باؤنس ہونے سے اسکریچ پڑ جاتے ہیں، مگر سینڈ پیپر کے اسکریچز گیند کے باؤنس سے بننے والے اسکریچز سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔
وسیم اکرم نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ بطور تجربہ کار بولر جب گیند ہاتھ میں آتی ہے تو پتہ چل جاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے، امید ہے کہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔
مزیدپڑھیں:بھارتی فضائیہ کا اہلکار خفیہ دستاویزات پاکستان کو فراہم کرنے کے الزام میں دھر لیا گیا
واضح رہے کہ مارچ 2018ء میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 1 سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔
حال ہی میں عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس معاملے میں مزید کھلاڑیوں کو بھی اجتماعی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں 100 فیصد درست قرار دیا ہے۔












ہفتہ 14 نومبر 2026 