امریکا(United States) میں فضائی سفر کا بحران دوسرے روز بھی برقرار رہا، فضائی حدود کھلی ہونے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ائیرلائنز اپنا معمول کا شیڈول بحال نہ کر سکیں۔
ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت بڑے ائیرپورٹس پر ہزاروں مسافر اپنی منزلوں تک پہنچنے کے منتظر رہے۔
فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے والی اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار رہیں، یہ تعداد فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی صبح کی پیش گوئی سے بھی زیادہ ہے۔
انہوں نے آج کی 41 ہزار طے شدہ پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار کی منسوخی کا اندازہ لگایا تھا۔ دنیا بھر میں آج 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بڑی تعداد امریکی پروازوں سے منسلک ہے۔
بڑی فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، امریکن ائیرلائنز، یونائیٹڈ ائیرلائنز اور ڈیلٹا ائیرلائنز نے اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کیں، ائیرلائنز نے متاثرہ مسافروں کو بغیر اضافی فیس کے دوسری تاریخوں پر سفر کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:ملائیشیا سے واپس آنیوالے شوہر کو لینے 3بیویاں ایئرپورٹ پہنچ گئیں، پھر کیا ہوا؟
ائیرپورٹس میں شکاگو کا اوہیئر سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، جبکہ شکاگو مڈوے پر 68 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ائیرپورٹ پر، جو ڈیلٹا کا بڑا مرکز ہے، دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک 479 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ٹیکساس میں ڈیلاس فورٹ ورتھ ائیرپورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، کئی مسافروں نے رات ائیرپورٹ پر گزاری، اور سب سے زیادہ مشکلات ان مسافروں کو پیش آئیں جنہیں ڈیلاس سے آگے کی پروازیں لینی تھیں۔
ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ائیرپورٹ پر شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ہابی ائیرپورٹ پر بھی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔
امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور روانگیاں محفوظ طریقے سے جاری ہیں، تاہم مسافروں کو مزید منسوخیوں اور تاخیر کے لیے تیار رہنا چاہئے، ائیرلائنز کو جہاز اور عملہ دوبارہ مقررہ ائیرپورٹس تک پہنچانے اور مسافروں کی دوبارہ بکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کو توقع ہے کہ آج رات تک ایئرلائنز اپنا مکمل شیڈول بحال کر لیں گی۔












اتوار 15 نومبر 2026 