سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کو ملکی برآمدات کے فروغ اور یورپی منڈیوں تک ترجیحی رسائی کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ اس سہولت کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اصلاحات کی جائیں، بصورت دیگر پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ ترجیحی تجارت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسماعیل ستار نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی شرائط پوری کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، بالخصوص انسانی حقوق کے تحفظ، مستحکم ٹیکس نظام اور جامع اقتصادی اصلاحات پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محض زبانی یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات اور بین الاقوامی وعدوں پر مؤثر عمل درآمد ہی اس تجارتی سہولت کے تسلسل کو یقینی بنا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی پاکستانی برآمدی صنعتوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے اور اس سے محرومی کی صورت میں صنعتی پیداوار، لاکھوں افراد کے روزگار اور قیمتی زرمبادلہ کی آمدنی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے حکومت کو یورپی یونین کے تحفظات کو انتہائی سنجیدگی سے لینا چاہیے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ستار نے ٹیکس نظام اور صنعتی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں تاجر اب بھی ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، لہٰذا حکومت ایک سادہ، شفاف اور منصفانہ ٹیکس نظام متعارف کرائے جو رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرے، جبکہ ٹیکس نیٹ وسیع کرتے وقت پہلے سے رجسٹرڈ اور دستاویزی کاروباروں پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگی بجلی و گیس، بھاری ٹیکسوں، مہنگی مالی معاونت اور پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں کے باعث پاکستانی صنعتوں کی عالمی مسابقت شدید متاثر ہو رہی ہے، لہٰذا توانائی کے نرخ کم کر کے طویل مدتی پالیسی استحکام یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین ایس ایم اے پی نے وزارتِ خزانہ، وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے درمیان مؤثر رابطوں پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جی ایس پی پلس کے آئندہ دور سے قبل برآمد کنندگان اور تجارتی اداروں کی مشاورت سے ایک قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ یورپی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی محفوظ رہ سکے۔












پیر 16 نومبر 2026 