انڈر 19 ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کےنازیبا جشن پر شعیب اختر کا ردعمل

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف فتح کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ انداز میں جشن منانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو میدان میں جارحیت کے ساتھ ساتھ اچھے اخلاق اور کھیل کی روایتی اقدار سکھانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے اگرچہ فائنل میں کامیابی پر بھارتی ٹیم کو مبارک باد دی اور دباؤ کے لمحات میں شاندار کھیل پیش کرنے پر ان کے کھلاڑیوں کی تعریف بھی کی، تاہم ان کے جشن منانے کے انداز پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بہترین کرکٹ کھیلی اور اس کے پاس میچ جتوانے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑی موجود تھے، لیکن کرکٹ محض کھیلنے کا نام نہیں بلکہ اس کے ساتھ اخلاقی اقدار کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے ماضی کے بھارتی لیجنڈز سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ اور سارو گنگولی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ میرے آج بھی بہترین تعلقات ہیں اور ماضی میں دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی سخت اور اعصاب شکن مقابلوں کے باوجود کھلاڑیوں نے کبھی ایک دوسرے کے خلاف ایسا نامناسب رویہ اختیار نہیں کیا۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق شعیب اختر نے مزید کہا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کے جوش، جذبے اور جارحانہ انداز کو سمجھتے ہیں اور انہیں یہ جذبہ پسند بھی آیا، مگر کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ اچھے اخلاق کی تربیت بھی دینی چاہیے تاکہ وہ اپنے 15 سے 20 سالہ طویل کرکٹ کیریئر کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ دوستی اور احترام کا رشتہ برقرار رکھ سکیں۔ فائنل میچ کا تجزیہ کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم بھارت سے کہیں بہتر کارکردگی دکھا رہی تھی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں پاکستانی کھلاڑی دباؤ برداشت نہ کر سکے جبکہ بھارت نے اہم موقع پر اعصاب کو قابو میں رکھا۔ واضح رہے کہ 14 نومبر کو عمان میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے سنسنی خیز فائنل میں بھارتی بلے باز موہت اولوا نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلائی تھی، جس کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے نامناسب انداز میں جشن منایا گیا تھا۔