چوہدری شجاعت حسین سے سابق وزیر محمد علی درانی کی لاہور میں اہم ملاقات

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور چھوٹے صوبوں کے قیام کی تحریک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران محمد علی درانی نے صدر مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کو ملک میں چھوٹے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جاری تحریک میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ ملکی عوام کی اکثریت انتظامی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ملک میں چھوٹے صوبوں کے قیام کی بھرپور حامی ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سب کے لیے مقدم پاکستان اور اس کے قومی مفادات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ تمام پاکستان دوست قوتیں ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ اس اہم ملاقات میں ناروے میں مقیم معروف پاکستانی شخصیت ڈاکٹر جواد، چوہدری شکیل احمد اور رانا خالد بھی موجود تھے۔