سابق وزیراعظم کا عدلیہ سے فریاد کرنا نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان ہے: اپوزیشن

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام لکھے گئے خط پر اپنا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے جیل میں ان کے ساتھ مبینہ سلوک اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے ملکی نظامِ انصاف پر ایک سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مشترکہ اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایک سابق وزیراعظم کو طبی نگہداشت اور اہلِ خانہ سے ملاقات جیسے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے فریاد کرنا پڑ رہی ہے، جبکہ اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندی، طویل تنہائی اور بیرونی دنیا سے رابطے کی بندش کی تفصیلات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ کسی بھی قیدی کو علاج، انسانی رابطے، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت سے محروم رکھنا ناقابلِ قبول ہے اور زیرِ حراست شخص کو مسلسل ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا رکھنا انسانی حقوق اور جیل قوانین کے منافی ہے، جو مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے حالات کی یاد دلاتا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر قیدی کی زندگی، صحت اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنائے، تاہم سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تشکیل سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہوا، جبکہ بشریٰ بی بی کی بینائی کو لاحق خطرات اور طبی سہولیات میں رکاوٹوں پر بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ تک رسائی اور مناسب علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اعلیٰ عدلیہ عمران خان کے خط میں اٹھائے گئے تمام معاملات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کی زندگی، صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر عدالتی اقدامات کرے۔ مشترکہ اعلامیے میں زور دیا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے تمام مقدمات کو غیر ضروری التوا میں رکھنے کے بجائے قانون اور انصاف کے مطابق میرٹ پر بلاجواز تاخیر کے بغیر سنا جائے، کیونکہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر بذاتِ خود انصاف سے محرومی کے مترادف ہے اور کسی شخص کو غیر معینہ مدت تک مقدمات کے بوجھ تلے قید رکھنا حقِ دفاع کو متاثر کرتا ہے۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے واضح کیا کہ ان کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کا نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا ہے، کیونکہ بانی پی ٹی آئی کا یہ خط پورے نظامِ انصاف کے لیے ایک امتحان ہے اور اعلیٰ عدلیہ کو بہت دیر ہونے سے پہلے اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں۔