لاہور میں این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائیاں، سائبر فراڈ میں 130 ملزمان گرفتار

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس اور غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خواتین اور چینی باشندوں سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں ڈیجیٹل آلات برآمد کر لیے ہیں۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئی ہیں جبکہ مختلف مقدمات میں متاثرین کو 3 کروڑ ایک لاکھ 79 ہزار 122 روپے واپس دلوائے گئے ہیں۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چینی اور نائجیرین باشندوں سے منسلک آن لائن سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایچ اے فیز 8 میں ’پرائم لنک‘ پر چھاپہ مار کر ایک چینی شہری فین لو اور تین خواتین سمیت 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور وہاں سے 40 کمپیوٹرز، 34 موبائل فونز اور آئی پیڈ برآمد کیے گئے، جبکہ ڈی ایچ اے فیز 6 میں دو مقامات پر کارروائیوں کے دوران تین چینی باشندوں اور پانچ خواتین سمیت 23 ملزمان کو حراست میں لے کر 23 کمپیوٹرز اور 30 موبائل فونز تحویل میں لے لیے گئے، جہاں جعلی فیس بک اکاؤنٹس پر خواتین کی تصاویر لگا کر غیر ملکی شہریوں کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے لوٹا جاتا تھا۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف پانچ مختلف کارروائیوں میں 62 ملزمان کو گرفتار کر کے 100 لیپ ٹاپ، 14 کمپیوٹرز، 73 موبائل فونز اور دو سرورز سمیت 189 ڈیوائسز برآمد کی گئیں، جہاں ملزمان ٹیلی کام نمائندے بن کر امریکا، برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں سے فراڈ اور چوری شدہ کارڈز کے ذریعے کارڈنگ میں ملوث تھے۔ اسی طرح شہریوں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں ایک نجی بینک کے آپریشنل منیجر ارسلان احمد کو بھی گرفتار کیا گیا جس نے نادرا ویری سس سے 842 غیر مجاز تصدیقیں کر کے فی تصدیق 130 سے 150 روپے ایزی پیسہ کے ذریعے وصول کیے اور شہریوں کی شناختی معلومات واٹس ایپ پر فروخت کیں۔ مزید برآں، بچوں کے جنسی استحصال کا مواد پھیلانے اور بلیک میلنگ میں ملوث 4 ملزمان، ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز مہم چلانے والے 2 ملزمان اور گوجرانوالہ میں ایک خاتون کو بلیک میل کرنے والی خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ عاطف امیر نے واضح کیا کہ گوجرانوالہ کو بھی این سی سی آئی اے لاہور زون میں شامل کر لیا گیا ہے، شکایات پر ادارے کے اپنے پانچ ملازمین کو بھی برخاست کیا گیا ہے اور پنجاب میں کسی بھی غیر قانونی کال سینٹر کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔