Advertisement

توانائی، معدنی ذخائر کی تلاش، ترکیہ کا تحقیقی جہاز کراچی پہنچ گیا، معاہدوں پر دستخط

Calender Icon جمعہ 20 نومبر 2026

دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی باہمی تعاون کی بنیاد ہے اور پاکستان ترکیہ کے ساتھ طویل مدتی توانائی شراکت داری کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار

پاکستان اور ترکیہ نے معدنیات اور توانائی کے ذخائر کی تلاش میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ سمندر میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کا سروے کرنے کے لیے ترکیہ کا تحقیقی بحری جہاز ’اورچ رئیس‘ پہلے ہی کراچی پہنچ چکا ہے۔

ان معاہدوں پر دستخط ترک جہاز کی کراچی آمد پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائرقتار کی موجودگی میں کیے گئے۔

معاہدوں میں جیولوجیکل سروے آف پاکستان، ترکیہ کے منرل ریسرچ اور ایکسپلوریشن جنرل ڈائریکٹوریٹ (ایم ٹی اے) اور ایم ٹی اے انٹرنشینل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے ضلع پشین میں معدنی وسائل کی ترقی کے لیے ماڑی منرلز اور ایم ٹی اے انٹرنشنل کے درمیان ایک علیحدہ مشترکہ منصوبے پر بھی دستخط کیے گئے۔

ترک تحقیقی بحری جہاز ’اورچ رئیس‘ 19 روزہ سفر کے بعد گزشتہ روز کراچی کی بندرگاہ پہنچا جہاں سے وہ پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے سروے کرے گا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے ربن کاٹ کر رسماً جہاز کی سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے اس تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے سروے کرے گا۔ ان کے مطابق پاکستان میں 5 آف شور بلاکس کے لیے لائسنسنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ترک پیٹرولیم کارپوریشن ان علاقوں میں تھری ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گی۔

ترک وزارت توانائی کے مطابق جہاز کراچی کے قریب دریائے سندھ کے سمندری علاقے میں انڈس-سی بلاک کے تحت مرجان تھری ڈی سیسمک منصوبے پر کام کرے گا، جس میں تقریباً 50 دن لگنے کی توقع ہے۔ اس کے بعد یہ کراچی واپس آئے گا اور مکران بلاکس میں 2ڈی سیسمک سروے کرے گا، جس کا دورانیہ تقریباً 25 دن ہوگا۔

ترک وزارت کے مطابق جہاز 2 مختلف سمندری علاقوں میں 670 مربع کلومیٹر رقبے کا تھری ڈی سیسمک ڈیٹا اور 2 ہزار 353 کلومیٹر طویل سروے لائنوں پر 2ڈی ڈیٹا جمع کرے گا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تحقیق اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی باہمی تعاون کی بنیاد ہے اور پاکستان ترکیہ کے ساتھ طویل مدتی توانائی شراکت داری کا خواہاں ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق ترکیہ کے ساتھ توانائی تعاون میں سمندر سے تیل و گیس کی تلاش، معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبے شامل ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کو بہتر رابطہ کاری کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اہم قومی منصوبوں میں تاخیر نہیں ہونے دے گی۔

قبل ازیں اپنے خطاب میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم ملک کے بڑے سمندری حصوں میں اب تک اس حوالے سے کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آف شور بلاکس میں جدید سروے اور تلاش سے توانائی کے نئے امکانات سامنے آئیں گے، جبکہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے مسلسل کام اور وسائل کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آف شور شعبے میں سرمایہ کاری ملکی معیشت اور توانائی کی ضروریات کو تقویت دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ کا تحقیقی جہاز 30 اکتوبر کو مرسین کے شہر تاشوچو کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔ ترکیہ میں تیار کردہ یہ جہاز اس سے قبل صومالیہ میں 9 ماہ کا تحقیقی مشن مکمل کر چکا ہے۔

جہاں اس نے 3 آف شور بلاکس میں 4 ہزار 464 مربع کلومیٹر رقبے کا تھری سیسمک ڈیٹا جمع کیا تھا۔ ترکیہ کی وزارت توانائی کے مطابق اس مشن نے ملک کی بیرونِ ملک گہرے سمندر میں پہلی ڈرلنگ کی راہ ہموار کی۔

مزید پڑھیں:انسانی تاریخ میں دوسری بار خلائی مشن عطارد کے مدار میں پہنچ گیا

وزارت کے مطابق ترک انجینئروں کا تیار کردہ ’اورچ رئیس‘ 2017 میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ براعظمی شیلف اور زمینی پرت کے مطالعے کے لیے بھی 2ڈی اور 3ڈی سروے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔