امریکی سائنس دانوں نے چاند کی مٹی میں غذائیت سے بھرپور آلو(Potato) اگانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ تحقیق کے مطابق مناسب مقدار میں نامیاتی مادہ شامل کرنے سے آلو کی پیداوار زمین کی عام مٹی جتنی ہوسکتی ہے، جس سے مستقبل میں چاند پر موجود خلا بازوں کے لیے خوراک پیدا کرنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ تحقیق امریکی خلائی ادارے ناسا کی معاونت سے کی گئی، جس میں آلو کی ایک ایسی قسم استعمال کی گئی جو جلد تیار ہوتی ہے اور جس کا چھلکا سرخ جبکہ اندرونی حصہ سفید ہوتا ہے۔ اس قسم کا نام ”موڈوک“ ہے۔
تحقیق کی قیادت کرنے والے اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرِ نباتات ایمرک گوئیر کے مطابق آلو دیگر کئی فصلوں کے مقابلے میں کم زمین پر زیادہ کیلوریز فراہم کرتے ہیں۔ ان میں وٹامن سی، پروٹین اور معدنیات بھی پائے جاتے ہیں، جبکہ ان میں موجود پوٹاشیم کی مقدار کیلے سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔
آلو کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اسے کھانے سے پیٹ دیر تک بھرا محسوس ہوتا ہے۔ یہی خصوصیات اسے چاند پر خوراک کی پیداوار کے لیے ایک اہم فصل بنا سکتی ہیں۔
چاند کی سطح پر موجود مٹی کو سائنسی زبان میں ’لونر ریگولتھ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر پتھروں کے باریک ذرات اور گردوغبار پر مشتمل ہوتی ہے، جو اربوں سال کے دوران شہابیوں کے ٹکرانے سے وجود میں آئے ہیں۔
مزیدپڑھیں:پی سی بی کا 38 کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان
زمین کی عام مٹی کے برعکس اس میں نامیاتی مادہ موجود نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے پودوں کی نشوونما کے لیے ضروری غذائی اجزا کی کمی رہتی ہے۔
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے چاند کی مٹی جیسی مصنوعی زمین میں نامیاتی مادہ شامل کیا۔ اس مقصد کے لیے ’ورمی کمپوسٹ‘ استعمال کیا گیا، جو کیچوؤں کے ذریعے نامیاتی کچرے کو گلانے سڑانے سے تیار ہونے والی غذائیت سے بھرپور کھاد ہے۔
سائنس دانوں نے چاند کی مصنوعی مٹی میں اس کھاد کی مختلف مقداریں شامل کرکے آلو اگائے اور ان کی نشوونما کا جائزہ لیا۔ تحقیق میں معلوم ہوا کہ جس مٹی میں ورمی کمپوسٹ شامل نہیں کیا گیا، اس میں آلو کے پودوں نے تقریباً کوئی جڑیں یا آلو پیدا نہیں کیے۔ تاہم جب چاند کی مٹی میں صرف پانچ فیصد ورمی کمپوسٹ اور 95 فیصد چاند کی مٹی شامل کی گئی تو پودوں میں جڑیں اور آلو بننا شروع ہوگئے۔
سب سے اہم نتیجہ اس وقت سامنے آیا جب مٹی میں ورمی کمپوسٹ کی مقدار 30 فیصد تک بڑھائی گئی۔ اس آمیزے میں اگنے والے آلوؤں کی پیداوار اتنی ہی تھی جتنی اسی ماحول میں زمین کی عام مٹی میں اگائے گئے آلوؤں کی تھی۔
اس تجربے میں زمین کی مٹی امریکی ریاست اوریگن کے علاقے ہرمیسٹن سے حاصل کی گئی تھی، جو آلو کی اچھی پیداوار کے لیے مشہور ہے۔
چاند کی مٹی میں فصلیں اگانے کے دوران سائنس دانوں کو ایک اور اہم مسئلے کا سامنا ہے۔ اس مٹی میں تانبے سمیت بعض بھاری دھاتوں کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو پودوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق اگر مٹی میں نامیاتی مادہ شامل نہ کیا جائے تو آلو کے پودے ضرورت سے زیادہ بھاری دھاتیں جذب کرسکتے ہیں، جس سے ان کی نشوونما متاثر ہونے کے ساتھ زہریلے اثرات پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
ورمی کمپوسٹ جیسے نامیاتی مادے ان دھاتوں کو پودوں کے لیے کم قابلِ جذب بناتے ہیں، جس سے پودوں میں ان کے ضرورت سے زیادہ جمع ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔
ماہرِ نباتات ایمرک گوئیر کے مطابق چاند کی مٹی میں نائٹروجن بھی موجود نہیں، اس لیے اس میں غذائی اجزا شامل کیے بغیر کوئی فصل نہیں اگائی جاسکتی۔
یہی وجہ ہے کہ چاند پر زراعت کے لیے صرف مٹی میں بیج ڈالنا کافی نہیں ہوگا، بلکہ وہاں فصلوں کی نشوونما کے لیے ضروری غذائی اجزا اور مناسب ماحول بھی فراہم کرنا ہوگا۔
سائنس دانوں کے مطابق تجربے میں اگائے گئے آلو غذائیت کے لحاظ سے مناسب تھے اور انہیں کھانے کے قابل بنانے کے لیے ضروری شرائط پوری کی گئی تھیں، تاہم محققین نے ابھی تک ان کا ذائقہ نہیں چکھا۔
ایمرک گوئیر نے بتایا کہ تجربے کے دوران حاصل ہونے والے آلوؤں کو کھانے کے بجائے لیبارٹری میں تجزیے کے لیے استعمال کیا گیا۔

اس تحقیق میں آلو چھوٹے گملوں میں اگائے گئے تھے، اس لیے ان کا سائز بھی چھوٹا تھا۔ زمین کی عام مٹی میں اگائے گئے آلو بھی اسی وجہ سے چھوٹے تھے اور ان کا وزن عموماً 10 گرام سے کم تھا۔ تاہم سائنس دانوں نے اب بڑے گملوں میں آلو اگانے کا ایک اور تجربہ بھی کیا ہے، جس میں انہیں عام دکانوں پر دستیاب آلوؤں کے برابر سائز کے آلو حاصل ہوئے ہیں۔
امریکا اور چین دونوں آنے والے برسوں میں چاند کی سطح پر خلا باز بھیجنے اور وہاں طویل عرصے تک رہنے کے لیے مستقل اڈے قائم کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ایسے اڈوں پر رہنے والے افراد کے لیے خوراک کی مقامی پیداوار انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے، کیونکہ زمین سے ہر قسم کی خوراک مسلسل بھیجنا عملی طور پر مشکل عمل ہوگا۔
آلو کے علاوہ بھی سائنس دان چاند کی مٹی میں مختلف فصلیں اگانے کے تجربات کر رہے ہیں۔ رواں سال مارچ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ورمی کمپوسٹ کی مدد سے چاند کی مصنوعی مٹی میں چنے اگانے کا ذکر کیا گیا تھا۔
ماہرین ٹماٹر، سلاد کے پتے اور الفالفا جیسی پھلی دار فصلوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔
اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کے خلائی حیاتیات کے ماہر اور تحقیق کے شریک مصنف ڈیوڈ ہینڈی کے مطابق چاند پر زراعت کے لیے تیار کی جانے والی ٹیکنالوجی زمین پر بھی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان طریقوں سے ایسے علاقوں میں خوراک پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے جہاں زرعی پیداوار کم ہے اور خوراک دوسرے علاقوں سے پہنچائی جاتی ہے، مثلاً بڑے شہروں کے اندرونی علاقے اور صحرائی آبادیاں۔
ان کے مطابق چاند کی مٹی پر مزید تحقیق سے زمین کی خراب مٹی کو بہتر بنانے اور آلودہ زمین کو قابلِ کاشت بنانے کے طریقے بھی سامنے آسکتے ہیں۔
چاند پر آلو اگانے کا یہ تجربہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، لیکن اس سے یہ امکان ضرور پیدا ہوا ہے کہ مستقبل میں خلا بازوں کو زمین سے بھیجی جانے والی خوراک پر مکمل انحصار نہ کرنا پڑے۔
تحقیق کے سربراہ ایمرک گوئیر کے مطابق آلو ایک ایسی فصل ہے جسے مختلف طریقوں سے تیار کیا جاسکتا ہے۔ ان کے خیال میں مستقبل کے چاند کے اڈوں پر آلوؤں سے فرنچ فرائز، بیکڈ آلو، آلو ٹکی اور دیگر کھانے تیار کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔
البتہ چاند پر آلو اگانے کے تجربات ابھی جاری ہیں اور وہاں مستقل طور پر خوراک پیدا کرنے کے لیے مزید تحقیق اور عملی آزمائشوں کی ضرورت ہوگی۔













ہفتہ 21 نومبر 2026 
