Advertisement

پیٹ بھر کر کھانے کے بعد دوبارہ بھوک کیوں لگتی ہے؟ اہم وجوہات جانیں

Calender Icon اتوار 22 نومبر 2026

بعض لوگوں کو کھانا (Meal)کھانے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ بھوک محسوس ہونے لگتی ہے، حالانکہ وہ پیٹ بھر کر کھانا کھا چکے ہوتے ہیں۔ کبھی کچھ میٹھا کھانے کی خواہش ہوتی ہے تو کبھی نمکین چیزیں کھانے کو دل چاہتا ہے۔ بظاہر یہ ایک معمولی بات لگتی ہے، لیکن اس کے پیچھے جسم میں ہونے والے کئی اہم عوامل کام کررہے ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بھوک کا تعلق صرف معدے کے خالی ہونے سے نہیں بلکہ ہارمونز، خوراک کی غذائیت، ہاضمے اور دماغ کی سرگرمیوں سے بھی ہوتا ہے۔

انسان کا جسم بھوک اور پیٹ بھرنے کے احساس کو قابو میں رکھنے کے لیے ایک پیچیدہ نظام استعمال کرتا ہے جس میں نظام ہاضمہ، مختلف ہارمونز اور دماغ شامل ہوتے ہیں۔ آپ نے کتنی مقدار میں کھانا کھایا ہے، یہ اس عمل کا صرف ایک حصہ ہے۔

آپ کیا کھاتے ہیں، کھانا کتنی جلدی ہضم ہوتا ہے، نیند کی ترتیب اور حتی کہ جذباتی کیفیات بھی اس بات پر اثر انداز ہوتی ہیں کہ بھوک کتنی جلدی لوٹ کر آتی ہے۔ سائنسی تحقیق بتاتی ہے کہ پیٹ کا بھر جانا اور دیر تک مطمئن رہنا دو الگ الگ عمل ہیں

بھوک اور پیٹ بھرنے کا احساس کیسے پیدا ہوتا ہے؟

ہمارے جسم میں کچھ ہارمونز بھوک اور پیٹ بھرنے کے احساس کو کنٹرول کرتے ہیں۔ ان میں ایک اہم ہارمون گھرلین ہے، جسے بھوک کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔ یہ زیادہ تر معدے میں بنتا ہے اور کھانے کی خواہش پیدا کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ عام طور پر کھانے سے پہلے اس کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور کھانا کھانے کے بعد کم ہونے لگتی ہے۔

اس کے برعکس جی ایل پی ون اور سی سی کے جیسے ہارمونز دماغ کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ معدہ بھر چکا ہے اور اب مزید کھانے کی ضرورت نہیں۔

2021 میں یونائیٹڈ یورپین گیسٹرواینٹرولوجی جرنل میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی جائزے میں بھی بتایا گیا کہ نظام ہاضمہ اور دماغ کے درمیان رابطہ بھوک اور پیٹ بھرنے کے احساس کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کھانے کی مقدار نہیں، غذائیت بھی اہم ہے

ضروری نہیں کہ زیادہ مقدار میں کھانا کھانے سے دیر تک بھوک محسوس نہ ہو۔ اس بات کا انحصار اس پر بھی ہوتا ہے کہ آپ کی خوراک میں کون سے غذائی اجزا شامل ہیں۔

مزیدپڑھیں:ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی کی لہر، قلات میں پارہ صفر تک آگرا

پروٹین اور فائبر والی غذائیں زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ پروٹین بھوک کو کنٹرول کرنے والے ہارمونز پر اثر انداز ہوتا ہے، جبکہ فائبر ہاضمے کے عمل کو سست کرکے دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

اس کے برعکس اگر کھانے میں زیادہ تر میدے، سفید ڈبل روٹی یا دیگر ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس شامل ہوں تو ممکن ہے کہ کچھ دیر بعد دوبارہ بھوک لگنے لگے۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ کاربوہائیڈریٹس صحت کے لیے نقصان دہ ہیں، بلکہ متوازن غذا میں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی کا مناسب ہونا بھی ضروری ہے۔

دماغ بھی کھانے کی خواہش بڑھاتا ہے

جسمانی طور پر پیٹ بھر جانا اور ذہنی طور پر مطمئن ہونا ایک ہی بات نہیں ہے۔ پیٹ بھرنے اور کھانے سے مکمل تسکین محسوس کرنے میں فرق ہوتا ہے۔ جب کھانا معدے میں پہنچتا ہے تو معدے کی دیواریں پھیلتی ہیں اور دماغ کو پیٹ بھرنے کا پیغام بھیجتی ہیں۔

تاہم دماغ کا وہ حصہ بھی کھانے کی خواہش پر اثر انداز ہوتا ہے جو خوشی اور انعام کے احساس سے تعلق رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات پیٹ بھرنے کے باوجود چاکلیٹ، چپس یا میٹھی چیز کھانے کو دل چاہتا ہے۔

کھانے کا ذائقہ، خوشبو اور اس سے وابستہ خوشگوار احساس بھی مزید کھانے کی خواہش پیدا کرسکتا ہے، چاہے جسم کو مزید خوراک کی ضرورت نہ ہو۔

ہاضمہ تیز ہونے سے بھی جلد بھوک لگ سکتی ہے

کھانا کھانے کے بعد معدے سے خوراک کتنی تیزی سے آگے بڑھتی ہے، اس کا تعلق بھی بھوک کے احساس سے ہوتا ہے۔ مختلف غذائیں مختلف رفتار سے ہضم ہوتی ہیں، جبکہ ہر شخص کا نظام ہاضمہ بھی ایک جیسا نہیں ہوتا۔

2022 میں طبی جریدے اوبیسٹی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں معدے سے خوراک کے جلد خارج ہونے اور بھوک کے احساس کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں موٹاپے کے شکار افراد میں معدے کے تیزی سے خالی ہونے اور زیادہ بھوک محسوس ہونے کے درمیان تعلق سامنے آیا۔

کن صورتوں میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے؟

کبھی کبھار کھانا کھانے کے باوجود بھوک لگنا عام بات ہوسکتی ہے، لیکن اگر مناسب غذا لینے کے باوجود مسلسل بھوک محسوس ہو تو اس پر توجہ دینا ضروری ہے۔

نیند کی کمی، ذہنی دباؤ، کھانے میں غیر ضروری کمی اور بے ترتیب اوقات میں کھانا کھانے سے بھی بھوک متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ذیابیطس جیسی بعض بیماریاں بھی غیر معمولی بھوک کا سبب بن سکتی ہیں۔

اگر مسلسل بھوک کے ساتھ وزن میں غیر واضح تبدیلی، بہت زیادہ پیاس یا بار بار پیشاب آنے کی شکایت بھی ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

بھوک پر قابو پانے کے لیے کیا کریں؟

اپنی خوراک میں پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی والی غذائیں شامل کریں۔ کھانے کے اوقات مقرر رکھیں اور مناسب نیند لینے کی کوشش کریں۔ وزن کم کرنے کے لیے خوراک میں ضرورت سے زیادہ کمی کرنے سے بھی گریز کریں، کیونکہ اس سے بھوک بڑھ سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق بھوک صرف معدے کے خالی ہونے کا نام نہیں بلکہ یہ نظام ہاضمہ، ہارمونز اور دماغ کے درمیان مسلسل رابطے کا نتیجہ ہے۔ اس لیے کھانے کے باوجود دوبارہ بھوک لگنے کو محض کمزور قوت ارادی سمجھنے کے بجائے اس کی اصل وجہ جاننا زیادہ ضروری ہے۔