Advertisement

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

Calender Icon اتوار 22 نومبر 2026

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکس مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ ویمنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

عجمان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 125 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا اور فتح اپنے نام کرلی۔

پاکستان کی جانب سے گل فیروزہ اور کپتان منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ گل فیروزہ 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کیا اور7 چوکے لگائے، منیبہ علی نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور48 گیندوں پر59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا، جب شوال ذوالفقار 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، انہوں نے 12 گیندوں پرایک چوکے کی مدد سے یہ اسکور بنایا، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 30 رنز تھا تاہم اس کے بعد گل فیروزہ اورمنیبہ علی نے ذمہ داری سنبھالی اوردوسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 98 رنزبنا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔

اس سے قبل اسکاٹ لینڈ ویمنز نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر124 رنز بنائے تھے، اسکاٹ لینڈ کی کپتان کیتھرین برائس نے نمایاں بیٹنگ کی اور 36 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ان کے علاوہ کیتھرین فریزر نے 21، ڈارسی کارٹر نے 18 جبکہ سارہ برائس نے 17 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے امِ ہانی سب سے کامیاب بولر رہیں، انہوں نے 3 اوورز میں 19 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مومنہ، نشرہ سندھو اورعائمہ سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 16.3 اوورز تک 110 رنز بنا چکی تھی، تاہم آخری اوورز میں پاکستانی بولرز نے مزید رنز بنانے کے مواقع محدود کیے، کپتان کیتھرین برائس کی نصف سنچری کے باوجود اسکاٹ لینڈ بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا، 160 ارب کا ترقیاتی پیکج، 10 ارب روپے جاری

پاکستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدا میں ایک وکٹ گنوائی، لیکن گل فیروزہ اور منیبہ علی کی عمدہ شراکت نے میچ یک طرفہ بنا دیا، پاکستان نے 17 گیندیں باقی رہتے ہوئے ہدف حاصل کیا اور 9 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔