Advertisement

مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا 26 سالہ مسئلہ حل ہو گیا، طاہر اشرفی

Calender Icon منگل 24 نومبر 2026

چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المدارس و جامعات الدینیہ پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مدارسِ عربیہ کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا 26 سالہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے زید اسلامک سینٹر کے آڈیٹوریم میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مدارس کی رجسٹریشن کا عمل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن (DGRE) اور سوسائٹیز ایکٹ کے تحت شروع ہو چکا ہے جبکہ مدارس کے بینک اکاؤنٹس بھی کھل رہے ہیں۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دینی مدارس اور جامعات کے طلبہ ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں۔ مدارس کے طلبہ کو دین کے ساتھ قومی ذمہ داریوں کا شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مدارس کو انتہا پسندی اور دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں، دینی مدارس امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور دیگر مسائل کے حل کے لیے متحدہ مدارس کونسل، دینی تعلیمی بورڈز اور دیگر متعلقہ اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔

طاہر اشرفی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات اور افواہوں سے محتاط رہیں۔ کسی بھی خبر کو آگے پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور سوشل میڈیا کو قومی ہم آہنگی، تعمیری مکالمے اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا استحکام عالم اسلام کے اتحاد سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات امت مسلمہ کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ حرمین شریفین کے تقدس کا تحفظ اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے اجتماعی کوششیں ہماری مشترکہ ذمہ داری ہیں۔

انہوں نے مذہب کے نام پر بے گناہ انسانوں کے قتل اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔ علماء، طلبہ اور عوام کو فرقہ واریت، انتہا پسندی اور انتشار پھیلانے والی سوچ کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

تقریب میں متحدہ مدارس کونسل کے قائدین، علماء و مشائخ، قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔

مزید پڑھیں:حکومتی چھتری، غیر قانونی تعمیرات، چند ماہ میں 5 ہزار عمارتیں تعمیر

حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی طاقت قومی اتحاد، باہمی احترام، امن اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل میں مضمر ہے۔