برطانیہ(United Kingdom) میں گزشتہ برس بغیر انشورنس سڑکوں پر چلائی جانے والی تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار گاڑیاں ضبط کی گئیں، جو گزشتہ 17 برسوں میں سب سے زیادہ تعداد قرار دی جا رہی ہے۔
موٹر انشورنس بیورو کے مطابق ملک بھر میں روزانہ لگ بھگ تین لاکھ گاڑیاں بغیر انشورنس سڑکوں پر چلتی ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ انشورنس کی بڑھتی ہوئی لاگت بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایسے علاقوں میں جہاں بغیر انشورنس گاڑیوں کے باعث حادثات کی شرح زیادہ ہے، 15 میں سے 5 پوسٹ کوڈز برمنگھم سے تعلق رکھتے ہیں۔
ویسٹ مڈلینڈ پولیس کے ایک حالیہ آپریشن کے دوران ضبط کی گئی گاڑیوں میں مرسڈیز، بی ایم ڈبلیو اور لیمبورگنی جیسی مہنگی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد کمی کا امکان، وفاقی وزیر توانائی
ماہرین کے اندازے کے مطابق بغیر انشورنس گاڑیوں کے باعث متاثرین کو معاوضے، ایمرجنسی سروسز، طبی اخراجات اور پیداواری صلاحیت میں کمی کی صورت میں برطانوی معیشت کو سالانہ ایک ارب پاؤنڈ سے زائد نقصان پہنچ رہا ہے۔
موٹر انشورنس بیورو کا کہنا ہے کہ ہر 20 منٹ بعد کوئی نہ کوئی شخص ہٹ اینڈ رن ڈرائیور کا شکار ہوتا ہے، جبکہ روزانہ کم از کم ایک شخص ایسا زخمی ہوتا ہے جس کی چوٹیں اس کی زندگی پر دیرپا اثرات چھوڑتی ہیں۔
بیورو کے مطابق بغیر انشورنس گاڑی چلانے والے ڈرائیور اکثر دیگر خلاف ورزیوں میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں، جن میں پابندی کے باوجود ڈرائیونگ، منشیات یا شراب کے زیر اثر گاڑی چلانا، خراب ٹائرز، ناقص سیٹ بیلٹس اور سیاہ شیشے شامل ہیں۔
ویسٹ مڈلینڈ پولیس کے سارجنٹ اینڈرین براؤن کے مطابق بہت سے افراد خود اعتراف کرتے ہیں کہ وہ انشورنس کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، جبکہ بعض نے اب تک ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی پاس نہیں کیا۔
قانون کے مطابق بغیر انشورنس گاڑی چلانے والوں کو 300 پاؤنڈ جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس پر 6 پینلٹی پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔












جمعہ 17 اپریل 2026 