امریکی ناکہ بندی برقرار رہی تو آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دیں گے، ایرانی عہدیدار

Calender Icon جمعہ 17 اپریل 2026

ایک ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز(Strait of Hormuz) کے حوالے سے ناکہ بندی یا دباؤ برقرار رہا تو ایران اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کرے گا۔

ایرانی خبر ایجنسی فارس سے گفتگو کرتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ ایسی صورت میں ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا تھا کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے جنگ بندی کی مدت تک مکمل طور پر کھلا رکھا جائے گا، جبکہ جہازوں کی آمد و رفت ایک مربوط اور متعین راستے کے تحت ہوگی۔

مزید پڑھیں:اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد محدود کرنا ضروری ہے، جو کینٹ

ایران کے اس اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹس کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں 12 فیصد جبکہ برینٹ میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی 82 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گیا، جبکہ برینٹ 89 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے “اسلام آباد ٹاکس” کے نام سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی تھی۔ ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دورے کیے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران پہنچے، جس کے بعد سفارتی سطح پر اہم پیش رفت سامنے آئی۔