نیوزی لینڈ کی مایہ ناز آل راؤنڈرسوزی بیٹس( Suzie Bates )نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گی، یوں ان کے 20 سال سے زائد طویل اور شاندار کیریئر کا اختتام ہوگا۔
کرک انفو کے مطابق سوزی بیٹس کو آئندہ ہفتے ان کے سابق تعلیمی ادارے Otago Girls’ High School میں ہونے والی تقریب کے دوران 15 رکنی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا اعلان کیا جائے گا۔ وہ مئی کے اوائل میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے بھی ٹیم کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ نیوزی لینڈ اس ایونٹ میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گا۔
اپنے بیان میں بیٹس کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیریئر پر نظر ڈالیں تو یقین نہیں آتا کہ وقت کتنی تیزی سے گزر گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ فخر رہا اور اب ان کا آخری ہدف ایک اور ورلڈکپ جیتنا ہے۔
بیٹس نے 2003 میں محض 15 برس کی عمر میں ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کیا جبکہ 2006 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔ وہ ویمنز ٹی20 انٹرنیشنلز میں 4717 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں جبکہ ون ڈے کرکٹ میں بھی 5964 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
انہیں 2011 میں نیوزی لینڈ ٹیم کی کپتانی سونپی گئی اور تقریباً سات سال تک ٹیم کی قیادت کی۔ 2016 میں معروف جریدے Wisden نے انہیں دنیا کی بہترین ویمن کرکٹر قرار دیا تھا۔
کرکٹ کے علاوہ بیٹس نے باسکٹ بال میں بھی ملک کی نمائندگی کی اور 2008 بیجنگ اولمپکس میں نیوزی لینڈ ٹیم کا حصہ رہیں۔
موجودہ کپتان Amelia Kerr نے بیٹس کو تاریخ کی عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بہترین کھلاڑی بلکہ ایک مثالی ٹیم میٹ بھی رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:جرمنی کا ایران سے معاہدے کی صورت میں پابندیوں میں نرمی کا عندیہ
نیوزی لینڈ کرکٹ حکام کے مطابق سوزی بیٹس کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ویمنز کرکٹ کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔












جمعہ 24 اپریل 2026 