لاہور: پاکستان سپر لیگ (PSL) 11 کے 37ویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد کوئٹہ کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنائے اور 6 وکٹیں گنوائیں۔ رائلی روسو نے شاندار 90 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان سعود شکیل نے 57 رنز اسکور کیے۔ دنیش چندیمل 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں کراچی کنگز نے ہدف کا تعاقب نہایت جارحانہ انداز میں کیا اور 196 رنز کا ہدف صرف 18.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کراچی کی جانب سے جیسن روئے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور ریزا ہینڈرکس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 141 رنز کی شراکت قائم کی۔ وارنر نے 48 گیندوں پر 89 رنز جبکہ ہینڈرکس نے 48 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ کی جانب سے واحد کامیاب بولر جہانداد خان رہے جنہوں نے ایک وکٹ حاصل کی، تاہم دیگر بولرز کراچی کے جارحانہ بیٹنگ لائن اپ کے سامنے بے بس نظر آئے۔
اس فتح کے ساتھ کراچی کنگز نے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے اور پلے آف میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں، تاہم ان کا انحصار اب باقی میچوں کے نتائج پر ہوگا۔












ہفتہ 25 اپریل 2026 