سوزوکی نے اپنی نئی گاڑی متعارف کرادی

Calender Icon جمعرات 7 مئی 2026

پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں کراس اوور اور ایس یو وی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر سوزوکی نے اپنی نئی کراس اوور گاڑی ’’فرونکس‘‘ (Fronx)باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے۔ کمپنی کو امید ہے کہ جدید ڈیزائن، بہتر فیچرز اور ایندھن کی بچت کے باعث یہ گاڑی صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔

آٹو ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستانی صارفین کی دلچسپی روایتی سیڈان گاڑیوں سے ہٹ کر کراس اوور اور کمپیکٹ ایس یو وی ماڈلز کی جانب بڑھی ہے، جس کے باعث مختلف کمپنیاں مسلسل نئے ماڈلز پیش کر رہی ہیں۔ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے سوزوکی نے بھی فرونکس کو پاکستانی مارکیٹ میں لانچ کیا ہے۔

کمپنی نے سوزوکی فرونکس کو چار مختلف ویرینٹس میں متعارف کرایا ہے تاکہ مختلف بجٹ اور ضروریات رکھنے والے صارفین اپنی پسند کے مطابق ماڈل منتخب کر سکیں۔

فرو نکس جی ایل ایم ٹی (پٹرول) کی قیمت 59 لاکھ 99 ہزار 999 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ فرو نکس جی ایل اے ٹی (پٹرول) 60 لاکھ 99 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگی۔

مزیدپڑھیں:آسٹریلوی ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی،شیڈول جاری

اسی طرح فرو نکس جی ایل ایکس 6 اے ٹی مونو ٹون مائلڈ ہائبرڈ ویرینٹ کی قیمت 62 لاکھ 99 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے، جبکہ ٹو ٹون مائلڈ ہائبرڈ ماڈل 63 لاکھ 74 ہزار 999 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق فرونکس کو بی سیگمنٹ کراس اوور کے طور پر تیار کیا گیا ہے، تاہم اسے جدید ایکس یو وی انداز میں مارکیٹ کیا جا رہا ہے۔ گاڑی میں جدید انفوٹینمنٹ سسٹم، بہتر سیفٹی فیچرز، کشادہ کیبن اور فیول ایفی شنسی کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔

پاکستانی مارکیٹ میں سوزوکی فرونکس کا مقابلہ کِیا اسٹونک، ہونڈا ایچ آر وی اور جیکو جے فائیو جیسے مقبول کراس اوور ماڈلز سے متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سوزوکی مناسب بعد از فروخت سروس اور پرزہ جات کی دستیابی برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو فرونکس مارکیٹ میں مضبوط جگہ بنا سکتی ہے۔

دوسری جانب صارفین کی جانب سے بھی نئی گاڑی کے ڈیزائن اور فیچرز میں دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، تاہم اصل کامیابی کا انحصار قیمت، کارکردگی اور ایندھن کی بچت پر ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا سوزوکی فرونکس پاکستان کی تیزی سے بدلتی آٹو مارکیٹ میں اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑ پاتی ہے یا نہیں۔