لندن میں پاکستانی منی ایچر آرٹسٹ مہین الٰہی کے فن پاروں کی نمائش جاری

Calender Icon ہفتہ 9 مئی 2026

لندن میں پاکستانی نوجوان منی ایچر آرٹسٹ مہین الٰہی کے فن پاروں کی نمائش “Reimagined Realities” کے عنوان سے سینٹرل لندن کی گرین اینڈ اسٹون گیلری میں جاری ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مہین الٰہی نے کہا کہ ان کا فن ایشیائی منی ایچر پینٹنگ کی قدیم روایت سے گہرا تعلق رکھتا ہے، لیکن وہ اسے محض نقل کرنے کے بجائے ایک نئی اور جدید فنی زبان میں پیش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان کے فن پارے تنہائی، سکون اور داخلی اطمینان کے احساس کو اجاگر کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے کام میں درخت، بادل اور پرندے جیسے فطری عناصر دیکھنے والے کو تصویر کے ساتھ وقت گزارنے اور اس میں گہرائی سے غور کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کی تجویز زیر غور، حتمی فیصلہ 11 مئی کو متوقعمزید پڑھیں؛

مہین الٰہی، معروف مصور سعید اختر کی پوتی ہیں، اور انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس سے گریجویشن کے بعد یہ اپنی پہلی بڑی بین الاقوامی نمائش کی ہے۔ صرف 24 سال کی عمر میں وہ آرٹ کی دنیا میں تیزی سے شناخت بنا رہی ہیں۔

گیلری کی منیجنگ ڈائریکٹر ہیسٹر بالڈون نے ان کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہین الٰہی کے فن پارے پہلی نظر میں ہی متاثر کرتے ہیں اور دیکھنے والے کو اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں۔

مہین الٰہی نے یہ بھی بتایا کہ وہ رواں سال نیویارک اور دبئی میں بھی اپنی نمائشوں کا ارادہ رکھتی ہیں، جس سے ان کے فن کو مزید بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔