پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے کو وائٹ واش کر کے سیریز اپنے نام کر لی

Calender Icon ہفتہ 9 مئی 2026

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم (Pakistan Women’s Cricket Team) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی اور کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے آئی سی سی ویمن ون ڈے چیمپئن شپ کے 6 اہم پوائنٹس بھی حاصل کیے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔ بیلوفڈ بیزا 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ کیلس نے 51، کپتان نومویلو سنانڈا نے 35 اور ایڈل نے 23 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے تسمیہ ارباب نے 49 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سیدہ عروب شاہ اور عائشہ ظفر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے ہدف 31.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 220 رنز کی بڑی شراکت قائم کی۔ صدف شمس 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ گل فیروزہ 106 رنز پر ناقابل شکست رہیں۔ منیبہ علی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

مزید پڑھیں؛ایران کو ورلڈ کپ سے باہر نہیں کیا جا سکتا، ایرانی فٹبال فیڈریشن کا دوٹوک مؤقف

یہ سیریز پاکستان کی اوپننگ جوڑی کے نام رہی، جنہوں نے تینوں میچز میں ریکارڈ ساز شراکتیں قائم کیں۔ پہلے میچ میں 162، دوسرے میں 189 اور تیسرے میں 220 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ نے حریف ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

گل فیروزہ نے تیسرے ون ڈے میں 83 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا اور پلیئر آف دی میچ و پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔

پاکستان نے سیریز کے دوران دو تبدیلیاں کیں جبکہ قیادت منیبہ علی نے سنبھالی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں مزید بہتری کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی۔

ٹیم مینجمنٹ نے اس کامیابی کو کھلاڑیوں کی محنت اور نظم و ضبط کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اسے ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔