جدہ سے آنے والی پرواز پرندے سے ٹکرا گئی

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

لاہور ایئرپورٹ(Lahore Airport) پر اس وقت مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب جدہ سے آنے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز لینڈنگ سے قبل پرندے سے ٹکرا گئی، جس کے بعد طیارے کو فوری طور پر تکنیکی جانچ کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پرندہ طیارے کے انجن نمبر ایک سے ٹکرایا، جس کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت جہاز کی مکمل تکنیکی جانچ شروع کر دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو کلیئرنس ملنے تک اگلی پرواز کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ذرائع کے مطابق یہی طیارہ بعد ازاں لاہور سے کراچی کے لیے پرواز نمبر 401 کے طور پر روانہ ہونا تھا، تاہم تکنیکی معائنے کے باعث پرواز کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہو گئی۔ مذکورہ پرواز کو صبح 10 بجے کراچی روانہ ہونا تھا لیکن تاخیر کے باعث مسافروں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔

مزیدپڑھیں:اطالوی وزیراعظم کو شادی کی پیشکش، یوگنڈا کے آرمی چیف کی پوسٹس پر ہنگامہ

لاہور ایئرپورٹ پر انتظار کرنے والے مسافروں نے پرواز میں مسلسل تاخیر پر احتجاج بھی کیا، جبکہ بعض مسافروں اور ایئرلائن عملے کے درمیان تلخ کلامی کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ مسافروں کا مؤقف تھا کہ انہیں پرواز کی روانگی اور تاخیر کی وجوہات سے متعلق واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور طیارے کو مکمل تکنیکی کلیئرنس ملنے کے بعد ہی اسے دوبارہ آپریشن کے لیے استعمال کیا جائے گا۔