امریکا کے وسطی علاقے میں واقع کنساس سٹی (Kansas City) کو طویل عرصے تک ایک عام اور کم توجہ پانے والا شہر سمجھا جاتا تھا، لیکن اب یہی شہر فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے اہم میزبان شہروں میں شامل ہو چکا ہے۔
ایروہیڈ اسٹیڈیم، جہاں این ایف ایل ٹیم کنساس سٹی چیفس کھیلتی ہے، ورلڈ کپ کے چھ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ان میں ممکنہ ارجنٹائن اور پرتگال کا کوارٹر فائنل بھی شامل ہو سکتا ہے، جسے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے تاریخی مقابلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کنساس سٹی نے بڑی امریکی منڈیوں کے مقابلے میں محدود وسائل کے باوجود اپنی بھرپور تیاری، بہتر منصوبہ بندی اور منفرد انداز سے فیفا حکام کو متاثر کیا۔ شہر نے برسوں پہلے خود کو “امریکا کا ساکر کیپیٹل” قرار دیا اور فٹبال انفراسٹرکچر پر 650 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی۔
مزید پڑھیں؛امریکا میں 45 فٹ کی دنیا کی سب سے بڑی فٹبال بنانے کا اعلان
مقامی منتظمین نے فیفا حکام کے دوروں کے دوران شہر کو متحرک اور فٹبال دوست ماحول میں پیش کیا۔ جدید ٹرانسپورٹ، کم ٹریفک، قریبی اسٹیڈیم اور شائقین کے جذبے نے بھی کنساس سٹی کی بولی کو مضبوط بنایا۔
ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن، انگلینڈ، نیدرلینڈز اور الجزائر جیسی ٹیموں نے بھی اپنے بیس کیمپ کے لیے کنساس سٹی اور قریبی علاقوں کا انتخاب کیا، جسے شہر کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ورلڈ کپ نہ صرف کنساس سٹی کی معیشت کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ دنیا بھر میں شہر کی شناخت اور ساکھ کو بھی نئی پہچان دے گا۔












ہفتہ 16 مئی 2026 