سلہٹ ٹیسٹ: بنگلادیش نے پاکستان کو 437 رنز کا ہدف دے دیا

Calender Icon پیر 18 مئی 2026

سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلادیش(Bangladesh) نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کو میچ اور سیریز بچانے کے لیے غیر معمولی بیٹنگ کرنا ہوگی۔

تیسرے روز بنگلادیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر پاکستان پر 436 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

بنگلادیش نے تیسرے دن کا آغاز 3 وکٹوں پر 110 رنز سے کیا۔ کپتان نجم الحسن شانتو اور مشفق الرحیم نے اننگز کو آگے بڑھایا، تاہم 115 کے مجموعے پر شانتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس سے قبل پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا تھا۔ قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نمایاں رہے جنہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ساجد خان نے 38 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی۔

پاکستان کے اوپنرز دوسری صبح زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شان مسعود 21، سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بنا سکے۔

مزیدپڑھیں:جون کیلئے خام تیل، ڈیزل اور جیٹ فیول کا اسٹریٹجک بندوبست

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے پہلے روز بنگلادیش پہلی اننگز میں 278 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی، جہاں لٹن داس نے شاندار 126 رنز اسکور کیے تھے۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 اور محمد عباس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو پہلے ہی 1-0 کی برتری حاصل ہے، اس لیے پاکستان کے لیے یہ میچ سیریز برابر کرنے کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔