چین کے شہر پانزیہوا میں جاری 33ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین مختلف ایونٹس کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کے لیے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز یقینی ہوگئے ہیں، جبکہ دو کھلاڑی سیمی فائنل میں شکست کے بعد برانز میڈل کے حقدار قرار پائے۔ اس طرح قومی ٹیم نے مجموعی طور پر پانچ میڈلز اپنے نام کرلیے ہیں۔
بوائز انڈر 17 ایونٹ کے سیمی فائنل میں نعمان خان نے اپنے ہی ہم وطن محمد عمیر عارف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ 54 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں نعمان خان نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ اب ٹائٹل کے لیے ان کا مقابلہ بھارت کے پانچویں سیڈ شیوان اگروال سے ہوگا۔
مزید پڑھیں؛وجے شنکر نے بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ اور آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لے لی
بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے ملائیشیا کے سیل جیولس تان لی ہاؤ کو یکطرفہ مقابلے میں صرف 20 منٹ کے اندر 0-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
اسی ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان کو ملائیشیا کے دھوران روتھیران کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ 47 منٹ تک جاری رہا۔ اب فائنل میں احمد ریان خلیل کا مقابلہ دھوران روتھیران سے ہوگا۔
گرلز انڈر 15 ایونٹ میں پاکستان کی سیڈ 4 ماہ نور علی نے ہانگ کانگ کی ٹانگ چنگ سم کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ گولڈ میڈل کے لیے ماہ نور علی کا مقابلہ ہانگ کانگ کی ٹاپ سیڈ زی یوان سے ہوگا۔
واضح رہے کہ ماہ نور علی گزشتہ سال بھی ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں گرلز انڈر 13 ایونٹ کا فائنل کھیل چکی ہیں، جہاں انہوں نے سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔












ہفتہ 23 مئی 2026 