کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا کیسز بڑھنے پر پاکستان میں ائیرپورٹس کی نگرانی سخت

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت پاکستان نے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر حفاظتی نگرانی مزید سخت اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا کی صورتحال کو عالمی ہنگامی صحت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے احتیاطی اقدامات بڑھانے پر زور دیا ہے۔

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق ایبولا وائرس کا پھیلاؤ تاحال افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے، جبکہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ افریقا سے باہر کسی دوسرے ملک میں اب تک ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں؛اسلام آباد میں مراکش فوڈ فیسٹیول، روایتی ذائقوں نے شہریوں کے دل جیت لیے

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ افریقی ممالک کے ساتھ پاکستان کے محدود سفری روابط کے باعث ملک میں وائرس کے پھیلنے کا خطرہ انتہائی کم ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان یا اس کے ہمسایہ ممالک میں ماضی میں بھی ایبولا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ترجمان نے بتایا کہ وزارتِ صحت اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ تمام ائیرپورٹس پر اسکریننگ اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے احتیاطی نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے، تاہم فی الحال کسی قسم کی سفری پابندی کی سفارش نہیں کی گئی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی وزیرِ صحت کی ہدایت پر وائرس کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو وبائی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی ایچ ایبولا وائرس کی تشخیص کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔