ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ (Eid ul Adha)مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ مسلمان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کر رہے ہیں۔ چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کا دن روایتی مذہبی جذبے کے ساتھ شروع ہوا جہاں شہریوں نے نئے لباس زیب تن کیے اور عیدگاہوں، مساجد اور کھلے میدانوں کا رخ کیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ علمائے کرام نے اپنے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی اور اطاعتِ الٰہی کے فلسفے کو اجاگر کیا اور مسلمانوں کو اتحاد، بھائی چارے، صبر اور ایثار کا درس دیا۔
نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کے اتحاد، ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں سمیت دنیا بھر میں مظالم کا شکار مسلمانوں کیلئے بھی دعائیں کی گئیں۔
مزیدپڑھیں:کراچی: آن لائن منشیات فروشی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار، 19 کلو سے زائد چرس برآمد
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک بھر میں سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہری گائے، بکرے، اونٹ اور دیگر جانور اللہ کی رضا کیلئے قربان کر رہے ہیں جبکہ فلاحی ادارے اور سماجی تنظیمیں بھی اجتماعی قربانی کے انتظامات میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور دیگر خلیجی ریاستوں میں بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے جہاں لاکھوں مسلمان نماز عید ادا کرنے کے بعد قربانی کی سنت ادا کر رہے ہیں۔












بدھ 27 مئی 2026 