بھارتی ریاست تلنگانہ(Telangana) میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک مزدور کی حاضری صرف اس لیے ریکارڈ نہ ہو سکی کیونکہ اس نے بال کٹوا کر سر منڈوا لیا تھا۔
یہ واقعہ ضلع محبوب آباد کے گاؤں کماٹی پلی میں پیش آیا، جہاں منریگا منصوبے کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کی حاضری جدید فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے لگائی جاتی ہے۔
متاثرہ مزدور سری نواس نے ایک مذہبی رسم کے دوران مندر میں اپنے بال نذر کیے تھے، جس کے بعد اس نے مکمل طور پر سر منڈوا لیا۔ جب وہ کام کی جگہ پر پہنچا تو حاضری لگانے کے لیے اس کا چہرہ اسکین کیا گیا، تاہم سسٹم اسے شناخت کرنے میں ناکام رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق وہاں موجود افراد اس صورتحال پر حیران رہ گئے کہ معمولی سی ظاہری تبدیلی نے جدید ٹیکنالوجی کو بھی الجھا دیا۔
دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب ایک خاتون مزدور نے مسئلے کا غیر معمولی حل پیش کیا۔ اس نے اپنے بال آگے کر کے انہیں سری نواس کے سر پر رکھ دیا، تاکہ اس کی پرانی شکل دوبارہ بنائی جا سکے۔
مزیدپڑھیں:مس یونیورس 2026 سے فرانس کی دستبرداری، عالمی مقابلۂ حسن میں نیا تنازع
اس عارضی “حل” کے بعد جب دوبارہ اسکین کیا گیا تو فیشل ریکگنیشن سسٹم نے فوراً مزدور کو پہچان لیا اور اس کی حاضری درج ہو گئی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے جبکہ کئی افراد نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ کیا یہ نظام معمولی تبدیلیوں کے ساتھ بھی قابلِ اعتماد ہے یا نہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اگرچہ تیز اور مؤثر ہے، لیکن بعض حالات میں انسانی حل اس سے زیادہ عملی ثابت ہو سکتے ہیں۔












ہفتہ 30 مئی 2026 