15 جون تک تمام ٹیکس ریفنڈ کیسز نمٹادیے جائیں، وزیراعظم کا ایف بی آر کو حکم

Calender Icon پیر 1 جون 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف (shahbaz shrif)سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے ملاقات کی جس میں آئندہ وفاقی بجٹ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور معیشت کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹیکس ریفنڈز (tax refunds)15 جون تک نمٹانے اور پرال کا دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی مسلسل محنت اور مؤثر پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت کو استحکام ملا ہے اور اب تیز تر معاشی ترقی کے حصول کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ صنعتی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت دی کہ 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹائے جائیں تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کا بنیادی مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مقصد کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس امر کا بھی خیرمقدم کیا کہ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود بینکوں نے ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے برآمد کنندگان کو سہولت ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پی آر اے ایل) کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

علاوہ ازیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور تاجروں کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ دفتر قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی، اصلاحات اور سہولتوں کی فراہمی کو حکومت کے معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے مقامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔

وفد کے شرکا نے وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں کو سراہا۔

کاروباری برادری کے نمائندوں نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفد نے ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت کم اور متوسط آمدن والے طبقے کیلئے آسان شرائط پر قرضہ اسکیم کے اجرا کا خیرمقدم کیا۔

شرکاء نے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ میں اصلاحات، پی آئی اے کی کامیاب نجکاری، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور ای-انوائسنگ جیسے اقدامات پر بھی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں ایف پی سی سی آئی، کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سرحد، کوئٹہ، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کے صدور اور اعلیٰ نمائندگان شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں:بیماریوں کی روک تھام، گوگل لیبارٹری کا کروڑوں مچھر فلوریڈا میں چھوڑنے کا فیصلہ

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔