اسلام آباد میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کھیلے گئے ’’معرکہ حق ٹی ٹوئنٹی نمائشی میچ‘‘ میں پرائم منسٹر الیون(Prime Minister XI) نے سلیبرٹیز الیون کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سلیبرٹیز الیون، جس کی قیادت سابق کپتان شاہد آفریدی نے کی، نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز اسکور کیے۔ جواب میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون نے ہدف 17ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے حسام نے شاندار 74 رنز جبکہ سلمان نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ دوسری جانب میچ کے دوران ایک دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ بغیر کوئی رن بنائے (گولڈن ڈک) کلین بولڈ ہو گئے۔
میچ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، شاہد آفریدی سمیت سیاسی، سماجی اور کھیلوں کی کئی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
مزیدپڑھیں:امریکا کا ایران کے خلاف فوری جنگ نہ کرنے کا عندیہ
میچ کے اختتام پر کامیاب ٹیم کو ٹرافی دی گئی جبکہ رنر اپ ٹیم کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران ’’معرکہ حق‘‘ کی کامیابی پر جشن منایا گیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں نے بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا اور شائقین کو ایک اچھا اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس قومی اتحاد اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔












جمعرات 4 جون 2026 