پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو(bilawal bhutto) زرداری کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پنجاب کو ہوا، اگر وہ این ایف سی اور اٹھارہويں ترمیم کو تحفظ دینے کو تیار نہیں تو پھر عوام کو کون سا آئینی حق یا مالی وسائل دیں گے ،وہ تو پنجاب کے حقوق پر سودا کرنے کو تیار ہیں، گلگت بلتستان کو بھی بیچ دیں گے۔
غذز کے علاقے گاہکوچ میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت سے مینڈیٹ چاہیے تاکہ اسلام آباد جاکر کہوں کوئی اور صوبہ بنانے سے پہلے گلگت کی آواز کو سننا ہوگا، آپ کا ساتھ چاہیے، مینڈیٹ اور بھاری اکثریت چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس دفعہ غذر کی تینوں نشستیں پیپلز پارٹی کی ہوں گی، میں اپنے لیے نہیں آپ کے لیے بھاری اکثریت چاہتا ہوں، پچھلے الیکشن میں پیپلز پارٹی سے 9سیٹیں چھینی گئی تھیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے غذر کو ضلع کا درجہ دیا، صدر زرداری نے گلگت کو شناخت دی، پیپلز پارٹی اور جی بی کے عوام کا نسلوں کا ساتھ ہے، پرنس رحیم آغا خان سے شکوہ کیا کہ آپ نے سندھ کا دورہ کیوں نہیں کیا، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اگلا دورہ ان کا سندھ کا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے بھاری اکثریت سے مینڈیٹ چاہیے تاکہ حق ملکیت پر عمل درآمد کرواسکوں، قانون ساز اسمبلی سے حق ملکیت کی قانون سازی چاہیے، جب پہلی بار شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا تو کہہ سکتا تھا کہ جی بی کا وزیراعلیٰ ہمارا ہوگا.
ہمارا ریکارڈ ہے کہ ہم زبان کے پکے ہیں جو وعدہ کرتے ہیں پورا کرتے ہیں، ن لیگ ہو یا کوئی اور جماعت میں جانتا تھا کہ یہ ہماری قانون سازی نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری ہے پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں تاکہ یہاں عوام کو زمین کی ملکیت مل سکے، قابل کاشت زمین اب قابل تقسیم ہے یہ زمین عوام تک پہنچانی ہے، جی بی میں جیالا وزیراعلیٰ چاہتا ہوں تاکہ عوام کو زمین کا مالک بنا سکوں.
سندھ میں گھروں کی تعمیر کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ چل رہا ہے، سندھ میں 20 لاکھ گھر بن رہے ہیں، مالکانہ حقوق دے رہے ہیں، ہمارا تین نسلوں کا ریکارڈ ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دلائے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج جو مقابلہ کر رہے ہیں انھوں نے تو بےنظیر بھٹو پر مقدمات بنائے تھے، بی بی شہید نے کہا تھا کہ اگر نوکریاں دینا جرم ہے تو بار بار کروں گی، دوسری جماعتوں کی کوشش ہوتی ہے کہ کیسے لوگوں کو بیروزگار کریں.
پی ٹی آئی نے اپنے دور میں جی بی میں ٹورازم کو تباہ کرکے لوگوں کو بیروزگار کیا، پیپلز پارٹی روزگار دیتی ہے دیگر جماعتیں روزگار چھینتی ہیں، ن لیگ مختلف اداروں سے ملازمین کو نکال رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس کوئی نظریہ نہیں، نئے بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ ہوگا، دیگر سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کے لیے زبردستی آپ پر حکومت کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ مفت علاج این آئی سی وی ڈی میں ملتا ہے، چاہتا ہوں کہ مفت علاج کیلئے پورے گلگت بلتستان میں اسپتال بناؤں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کے الیکٹرک کو سب سے کم قیمت بجلی نوری آباد پاور پلانٹ سے جاتی ہے، ہمیں وفاق سے مدد نہیں چاہیے، وہ آئیں گے مزید معاملات خراب کریں گے.
اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کی وجہ سے چاروں صوبوں میں ترقی ہوئی، ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جی بی کو سہولیات فراہم کریں گے، جس کے تحت جی بی کو ٹورازم کا حب بنائیں گے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر اسمبلی، پاکستان میں مقیم مہاجرین کی 12 نشستوں کی قرار داد منظور
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پنجاب صوبے کو ہوا، جب وہ پنجاب کے مفاد کا خیال نہیں کرتے جی بی کا کیا خیال رکھیں گے، 7 جون کو گلگت بلتستان کے عوام صرف اپنے لیے سوچیں۔












جمعہ 5 جون 2026 