کراچی (Karachi) کے علاقے گلشنِ اقبال بلاک 13-ڈی تھری بلوچ گوٹھ میں دن دیہاڑے ہونے والی ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں مسلح ملزمان کو بچوں اور نوجوانوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق 5 جون کی شام تقریباً 6 بجے ایک گلی میں تین نوجوان اور ایک بچہ موٹر سائیکل پر بیٹھے آپس میں گفتگو کر رہے تھے کہ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح افراد وہاں پہنچ گئے۔ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر بچوں اور نوجوانوں کو یرغمال بنایا اور ان سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چھین لیں۔
مزید پڑھیں؛استقبالیہ ریلی میں ہوائی فائرنگ ! امیر مقام کے بھتیجے کیخلاف مقدمہ درج
سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ واردات کے بعد ملزمان اسی راستے سے باآسانی فرار ہو گئے جس راستے سے وہ آئے تھے۔
متاثرہ نوجوان عمر میاں داد نے گلشنِ اقبال تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یہی ملزمان ہر دوسرے ہفتے اسی مقام پر وارداتیں کرتے ہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی فوری شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جائے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔












ہفتہ 6 جون 2026 