مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار صفدر خان لغاری انتقال کر گئے

Calender Icon اتوار 7 جون 2026

مسلم لیگ (ن) کے رہنما، سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 266 اور پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم پنجاب کے سربراہ سردار صفدر خان لغاری(Sardar Safdar khan leghari) طویل علالت کے بعد لاہور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی صادق آباد سمیت مختلف سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔خاندانی ذرائع کے مطابق سردار صفدر خان لغاری گزشتہ کچھ عرصے سے معدے کے عارضے میں مبتلا تھے اور علاج کی غرض سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ان کی طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں نے گزشتہ روز ان کی سرجری کی، تاہم آپریشن کے بعد بھی ان کی حالت تسلی بخش نہ ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق طبیعت مزید تشویشناک ہونے پر انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر کے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم سردار صفدر خان لغاری رکنِ قومی اسمبلی سردار محمد اظہر خان لغاری کے صاحبزادے تھے اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں ایک متحرک اور فعال نوجوان رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور خصوصاً سوشل میڈیا کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا اور پنجاب بھر میں پارٹی بیانیے کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

مزیدپڑھیں:سعودی ایئرلائن ’سعودیہ‘ وقت کی پابندی میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگئی

ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی سیاسی شخصیات، پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور مقامی عمائدین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے متعدد رہنماؤں نے مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار صفدر خان لغاری ایک باصلاحیت، محنتی اور مخلص سیاسی کارکن تھے جن کی وفات پارٹی کے لیے بڑا نقصان ہے۔

صادق آباد اور گردونواح کے علاقوں میں بھی ان کے انتقال پر سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سیاسی کارکنان اور عوام کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق سردار صفدر خان لغاری کی وفات نہ صرف مسلم لیگ (ن) بلکہ جنوبی پنجاب کی سیاست کے لیے بھی ایک اہم نقصان تصور کی جا رہی ہے۔