پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کے تحفظات، صوبائی قیادت کے اپوزیشن رابطوں پر سوالات

Calender Icon پیر 8 جون 2026

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے ناراض اراکین نے صوبائی حکومت اور پارٹی قیادت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والے رابطوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعدد سوالات اور مطالبات سامنے رکھ دیے ہیں۔

پشاور میں منعقدہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں ناراض اراکین نے سوال اٹھایا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتیں کیا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہو رہی ہیں؟ اور کیا ان رابطوں کا مقصد ان کی رہائی ہے؟ اراکین کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہے تو پارٹی کارکنوں اور پارلیمانی کمیٹی کو ان ملاقاتوں کے مقاصد اور پیش رفت سے آگاہ کیوں نہیں کیا جاتا۔

ناراض اراکین نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بعض حلقے اس تحریک کو مخصوص شخصیات یا گروپوں سے منسوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ اس کا واحد مقصد عمران خان کی رہائی اور ان کے سیاسی وژن کی پیروی ہے۔

مزید پڑھیں؛پی ٹی ا ٓئی کے حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی اور تحریک انصاف قیادت آمنے سامنے

اجلاس میں اراکین نے اپنی تجاویز اور مطالبات بھی پیش کیے۔ ان کا پہلا مطالبہ عمران خان کی رہائی کے لیے واضح، جامع اور قابلِ عمل حکمتِ عملی مرتب کرنا تھا۔ اراکین کے مطابق اس حوالے سے پہلے بھی مطالبات کیے گئے تھے، تاہم تاحال کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

دوسرے مطالبے میں صوبائی قیادت اور حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جاری رابطوں کی تفصیلات سامنے لانے پر زور دیا گیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ ایسی ملاقاتوں کے مقاصد اور نتائج سے نہ کارکنوں کو آگاہ کیا جاتا ہے اور نہ ہی پارلیمانی فورمز کو اعتماد میں لیا جاتا ہے۔

تیسرے مطالبے کے طور پر ناراض اراکین نے بیرسٹر گوہر کے ساتھ باضابطہ ملاقات کی خواہش ظاہر کی تاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے جاری تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق مشاورتی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جلد ہی ملک بھر میں پی ٹی آئی سے وابستہ پارلیمنٹیرینز، تنظیمی عہدیداروں، ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر بااثر شخصیات سے رابطے کیے جائیں گے تاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے جاری سیاسی جدوجہد کو مزید وسعت اور تقویت دی جا سکے۔