ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی

Calender Icon جمعرات 11 جون 2026

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر آج سے 15 جون تک الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں طغیانی کی بھی توقع ہے۔ چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

مزیدپڑھیں:پرائز بانڈز کی نئی قرعہ اندازی، متعدد شہریوں کی قسمت بدل گئی

گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے،قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب کے مختلف اضلاع، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔