ڈیبٹ (Debit)اور کریڈٹ کارڈ (Credit Card)کے بیرونِ ملک استعمال پر ودہولڈنگ ٹیکس 5 فیصد سے کم کرکے 0.5 فیصد کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی سطح پر بینکنگ کارڈز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے بیرونِ ملک استعمال پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اب پاکستانی بینکوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے بیرونِ ملک یا بین الاقوامی آن لائن پورٹلز پر کی جانے والی ٹرانزیکشنز پر ودہولڈنگ ٹیکس 5 فیصد سے کم کر کے صرف 0.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔
بیرونِ ملک سفر کے دوران ہوٹلنگ، شاپنگ اور دیگر اخراجات کے لیے کارڈ استعمال کرنے والوں پر ٹیکس کا بوجھ اب نہ ہونے کے برابر رہ جائے گا جبکہ وہ افراد یا کمپنیاں جو بین الاقوامی سافٹ ویئرز، ٹولز یا کلاؤڈ سروسز کی سبسکرپشنز کے لیے اپنے کارڈز سے ادائیگیاں کرتی ہیں، انہیں اب بھاری ٹیکسز سے نجات مل جائے گی۔
مزیدپڑھیں:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا ایف بی آر کی پالیسیوں پرتحفظات کا اظہارِ
عالمی ای کامرس ویب سائٹس سے خریداری کرنے والے عام صارفین کے لیے بھی اب بین الاقوامی ادائیگیاں انتہائی سستی ہو جائیں گی۔
معاشی ماہرین نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس کی شرح میں اس بڑی کمی سے دستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا اور لوگ اب حوالہ یا ہنڈی کے بجائے قانونی بینکنگ چینلز اور کارڈز کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کو ترجیح دیں گے۔












ہفتہ 13 جون 2026 