ویبھاؤ سوریا ونشی شکست کے بعد سری لنکن کرکٹر سے ہاتھا پائی پر اتر آئے

Calender Icon منگل 16 جون 2026

سری لنکا اے کے خلاف میچ میں شکست پر بھارت کے ویبھاؤ سوریا ونشی(Vaibhav Sooryavanshi) آپے سے باہر ہوکر سری لنکن کھلاڑی سے ہاتھا پائی کرنے لگے۔

دمبولا میں جاری ون ڈے سہ فریقی سیریز کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا اے نے سپر اوور میں بھارت اے کو شکست دی۔

میچ کے آخری لمحات ڈرامائی رہے۔ خراب روشنی کے باوجود سپر اوور کرایا گیا جبکہ ایک متنازع نو بال فیصلے کے باعث بھارتی کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں واپس آنا پڑا۔

اس کے علاوہ بھارت اے کو پچ کے خطرناک حصے پر دو مرتبہ دوڑنے کے باعث 10 پینلٹی رنز بھی دیے گئے، جس کا فائدہ سری لنکا اے کو ملا۔

مزیدپڑھیں:فیفا ورلڈکپ میں ایران نے اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کیخلاف دو گول سے برابر کردیا

تاہم میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

بھارتی نوجوان بیٹر ویبھاؤ سوریا ونشی اور سری لنکن کھلاڑی وشن ہالامبیج میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور سوریا ونشی نے سری لنکن کرکٹر پر ہاتھ بھی اٹھایا جس سے ماحول گرم ہوگیا تاہم وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا نے مداخلت کرکے معاملے کو مزید بڑھنے سے بچایا۔

واضح رہے کہ فتح کے بعد سری لنکا اے پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔