دیپیکا پڈوکون کی بہن کا ان کی ڈپریشن کی جدوجہد سے متعلق انکشاف

Calender Icon بدھ 17 جون 2026

بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون(Dipika Padukone) کی بہن انیشا پڈوکون(Anisha Padukone) نے حالیہ گفتگو میں اپنی بہن کی ڈپریشن کے خلاف جدوجہد اور اس سے حاصل ہونے والے سبق پر کھل کر بات کی ہے۔

ایک انٹرویو میں انیشا پڈوکون نے بتایا کہ جب دیپیکا ذہنی صحت کے مسائل سے گزر رہی تھیں تو وہ اس وقت ڈپریشن کی علامات اور اس کے اثرات سے پوری طرح آگاہ نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت اتنی معلومات نہیں تھی کہ میں سمجھ پاتی کہ دیپیکا حقیقت میں کس مشکل سے گزر رہی ہیں، ہم دونوں مختلف شہروں میں رہتی تھیں، جس کی وجہ سے صورتِحال کو سمجھنا اور بھی مشکل ہو گیا تھا۔

انیشا کے مطابق دیپیکا کی جدوجہد نے مجھے احساس دلایا کہ ذہنی صحت کے بارے میں مزید جاننا اور سیکھنا ضروری ہے تاکہ میں اپنی بہن کی بہتر انداز میں مدد کر سکوں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی تجربے کے بعد میں نے اپنی ذہنی صحت پر بھی توجہ دینا شروع کی۔

مزیدپڑھیں:بھارتی ڈرامے نے پاکستانی ڈرامے کے مناظر کی نقل کر لی

انیشا کا کہنا ہے کہ ایک ایتھلیٹ ہونے کے ناتے میں ہمیشہ جسمانی صحت پر توجہ دیتی تھی، لیکن ذہنی صحت کو اتنی اہمیت نہیں دیتی تھی، جیسے جیسے میں نے اس موضوع پر تحقیق کی، مجھے احساس ہوا کہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد ایسے ہی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون ماضی میں خود بھی ڈپریشن کے بارے میں کھل کر بات کر چکی ہیں اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی مہم میں سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

2015ء میں انہوں نے فاؤنڈیشن قائم کی تھی، جس کا مقصد ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہے۔