ملک کے مخلتف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

Calender Icon پیر 22 جون 2026

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے پشاور، بونیر اور باجوڑ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے شہر فیصل آباد، خوشاب اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔

ذرائع کے مطابق شمالی علاقوں بٹگرام، مانسہرہ، سوات اور ایبٹ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے شدت سے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

مزید پڑھیں:یونان میں 5.8 شدت کا زلزلہ، شہری گھروں اور عمارتوں سے نکل آئے، خوف و ہراس

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 215 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جو نسبتاً زیادہ گہرائی والا زلزلہ تھا۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (PMD) اسلام آباد کے مطابق زلزلے کے مرکز کے جغرافیائی نقاط 70.70 ایسٹ اور 36.44 نارتھ ریکارڈ کیے گئے۔ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی مقامات پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔