وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب(Aurangzeb) نے مختلف محکموں کے افسران اور ملازمین کو 6 بنیادی تنخواہوں کے برابر بونس دینے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ سیشن کے دوران دن رات فرائض سرانجام دینے والے مختلف محکموں کے افسران اور ملازمین کے لیے 6 بنیادی تنخواہوں کے برابر خصوصی بونس کا بڑا اعلان کردیا۔
وزیر خزانہ نے عملے کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی سخت محنت اور لگن نے بجٹ کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ بجٹ کی منظوری کا عمل باقاعدہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ایک بڑا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹس متعلقہ مالی سال کے اندر ہی پارلیمنٹ کے سامنے پیش کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کے ذریعے عوام، تنخواہ دار طبقے اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی ہے۔
مزیدپڑھیں:حج 2027 : پانچ دنوں میں ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد رجسٹرڈ
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، فنانس سیکرٹری اور چیئرمین ایف بی آر کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے عام شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دن رات کام کیا ہے، اور امید ظاہر کی کہ معاشی استحکام کے ثمرات جلد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں گے۔
حکومتی معاشی ٹیم نے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کی معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں اسی طرح جاری رکھیں گے۔












ہفتہ 27 جون 2026 