باراتیوں کی وین کھائی میں جا گری، خوشیوں بھرا سفر ماتم میں بدل گیا

Calender Icon جمعہ 3 جولائی 2026

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع دکی میں باراتیوں کو لے جانے والی وین گہری کھائی (Traffic accident)میں گرنے سے خوشیوں بھرا سفر المناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق حادثہ دکی کے علاقے مندے ٹک میں اس وقت پیش آیا جب لورالائی سے بارات لے کر دکی آنے والی وین کے بریک اچانک فیل ہوگئے، ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وین بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو کھائی سے نکالا اور انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال دکی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ جاں بحق شخص کی شناخت پائند خان ولد گلزار خان کے نام سے ہوئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید بہتر طبی سہولتوں کے لیے لورالائی منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ڈاکٹر جوہر خان شادوزئی کے خاندان سے ہے، جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے سفر کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں:پیٹرول قیمت میں 12 روپے کمی ،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے سے زائد اضافے کا امکان

انتظامیہ کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ وین کے بریک فیل ہونا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔