فیفا ورلڈ کپ: ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

Calender Icon پیر 6 جولائی 2026

فیفا ورلڈ کپ(Fifaworldcup) 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ برازیل کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے اسکور کیے۔ انہوں نے پہلا گول 79ویں اور دوسرا 90ویں منٹ میں کیا، جبکہ برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار جونیئر نے میچ کے اختتامی لمحات میں پنالٹی کک پر اسکور کیا۔

مزیدپڑھیں:فیفا ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، ناروے نے برازیل کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

شکست کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہو گئے۔ بعد ازاں انہوں نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا، “میں نے پوری کوشش کی، یہ سب یہیں اسی اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور میں نے یہیں اس کا اختتام کیا۔ اب یہ سب ختم ہو چکا ہے۔”

نیمار کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی جانب سے انہیں شاندار بین الاقوامی کیریئر پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔