قومی کرکٹرز کیلئے طویل دورانیے کے کیمپس میں پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار

Calender Icon بدھ 15 جولائی 2026

قومی کرکٹرز کے لیے طویل دورانیے کے کیمپس میں پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پیڈل اسپورٹس کی سہولت قائم کر دی گئی ہے۔

پیڈل اسپورٹس کے لیے قومی کرکٹرز کو دور نہیں جانا پڑتا بلکہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ وہ پیڈل اسپورٹس کا شوق بھی پورا کر سکتے ہیں اور اپنی فٹنس کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے جیو نیوز کو بتایا کہ پیڈل اسپورٹس کھیلنے میں آسان ہے اور فٹنس کے لیے اچھا ہے، یہ گیم شوق سے کھیلا جاتا ہے، پہلے کھلاڑی پیڈل کھیلنے کے لیے دور جاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو طویل کیمپس کے دوران ایسا ماحول اور سہولیات دیں جس سے ان کا کھیل بہتر ہو ۔

عاقب جاوید نے کہا کہ طویل کیمپ میں ضروری نہیں ہے کہ کھلاڑی صرف کرکٹ کھیلیں، ہر دوسرے روزپیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی ہے، کھلاڑی 40 منٹ تک پیڈل کھیل سکتے ہیں، اس کھیل سے فٹنس بہتر ہو گی اور موو منٹ کی وجہ سے فیلڈنگ سے بھی اس کھیل کا سو فیصد تعلق ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ باسکٹ بال کورٹس بھی منصوبے کا حصہ ہیں، باسکٹ بال کھیلنے سے بھی کرکٹرز کو فائدہ ہو گا، کرکٹرز کے لیے گیم روم بھی بنا رہے ہیں جہاں اسنوکر سمیت دیگر کھیل ہوں گے۔

مزید پڑھیں:دبئی، منی ایکسچینج میں 1کروڑ درہم کی ڈکیتی، پولیس نے10منٹ میں ڈاکو گرفتار کرلیے

عاقب جاوید نے کہا کہ دنیا بھر کے کھلاڑی صرف اپنا کھیل ہی نہیں کھیلتے بلکہ دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔