انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچرReplace Audioمتعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے اب پرانی فیڈ پوسٹس میں شامل بیک گراؤنڈ میوزک کو بغیر پوسٹ حذف کیے تبدیل کیا جا سکے گا۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نئی اپ ڈیٹ کا مقصد صارفین کو اپنی پہلے سے شائع شدہ پوسٹس پر مزید کنٹرول فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ ضرورت کے مطابق آڈیو ٹریک تبدیل کر سکیں، جبکہ پوسٹ کے لائکس، کمنٹس، شیئرز اور مجموعی رسائی (Reach) برقرار رہے۔
اس سے قبل اگر کوئی صارف اپنی کسی پرانی پوسٹ کا میوزک تبدیل کرنا چاہتا تھا تو اسے وہ پوسٹ حذف کرکے دوبارہ اپ لوڈ کرنا پڑتی تھی، جس کے نتیجے میں تمام لائکس، تبصرے اور دیگر مصروفیت (Engagement) بھی ختم ہو جاتی تھی۔ تاہم نئے فیچر کے بعد یہ مشکل ختم ہو جائے گی۔
میٹا کے مطابق Replace Audio فیچر کے ذریعے صارفین صرف پوسٹ کا بیک گراؤنڈ میوزک تبدیل کریں گے، جبکہ پوسٹ کا اصل مواد اور اس کی تمام سابقہ کارکردگی برقرار رہے گی۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنی پہلے سے شائع شدہ پوسٹ کھولنی ہوگی، پھر اوپر دائیں جانب موجود تھری ڈاٹس مینیو پر جا کر Edit کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ وہاں موجود Replace Audioکے ذریعے نیا میوزک منتخب کیا جا سکے گا۔
انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی مرحلہ وار فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اسے دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ اپ ڈیٹ خاص طور پر کانٹینٹ کریئیٹرز اور کاروباری صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگی، کیونکہ اب وہ کسی بھی پوسٹ کی کارکردگی متاثر کیے بغیر اس کا آڈیو تبدیل کر سکیں گے اور ٹرینڈنگ میوزک استعمال کرکے اپنی پوسٹس کو مزید مؤثر بنا سکیں گے۔













بدھ 22 جولائی 2026 

