اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نشانِ حیدر کے پہلے حقدار ’’کیپٹن راجہ محمد سرور شہید‘‘ کی 78ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے مثال قربانی ہمیشہ قوم کے لیے جرات، ایثار اور حب الوطنی کی روشن مثال رہے گی۔
اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو آزاد کشمیر میں مادرِ وطن کے دفاع کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے شجاعت و بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے فوجی ہیں جنہیں اعلیٰ ترین عسکری اعزاز **نشانِ حیدر** سے نوازا گیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ راجہ محمد سرور شہید کی قربانی افواجِ پاکستان کی عظیم روایات کا درخشاں باب ہے، جبکہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان آج ایک محفوظ، مضبوط اور خودمختار ریاست کے طور پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنے عظیم شہداء کو ہمیشہ احترام اور عقیدت سے یاد رکھے گی اور کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا جذبۂ ایثار، فرض شناسی اور حب الوطنی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
مزید پڑھیں:ٹی 20 ورلڈکپ 2028: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے میزبانی کی پیشکش کردی
اسپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن کی خدمت اور دفاع کا جذبہ عطا کرے۔













پیر 27 جولائی 2026 

