اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کوئٹہ کے علاقے سورینج میں کول مائن میں گیس دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے حادثے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرانے پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق کان کنوں کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
مزید پڑھیں:ن لیگ حکومت بنائیگی، بلاول چیخ وپکار نہیں، کشمیری عوام کا فیصلہ قبول کریں: احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی بڑی تعداد کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، جس کے باعث ملک بھر میں افسوس اور سوگ کی فضا پائی جا رہی ہے۔













جمعہ 31 جولائی 2026 

