زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا کی 15 سالہ صاحبزادی عنایہ نے کم عمری میں ایک عظیم دینی اعزاز حاصل کرلیا۔ عنایہ نے دو سال سے بھی کم عرصے میں قرآنِ مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی، جس پر اہل خانہ، دوستوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارک باد دی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عنایہ نے قرآنِ کریم حفظ کرنے کا عمل پاکستانی استاد قاری محمد یوسف کی آن لائن رہنمائی میں مکمل کیا۔ باقاعدہ کلاسز، مسلسل محنت اور لگن کے ذریعے انہوں نے یہ اہم دینی سنگِ میل کامیابی سے عبور کیا۔
اس خوشی کے موقع پر زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں سکندر رضا کی رہائش گاہ پر ایک نجی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اہل خانہ اور قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:زمبابوے کی ٹی ٹوئنٹی کپتان سکندر رضا سے متعلق بڑی خبر!
تقریب کے دوران قاری محمد یوسف نے آن لائن شرکت کی اور عنایہ سے قرآن پاک کی آخری سورت کی تلاوت سنی۔ بعد ازاں انہوں نے تکمیلِ حفظ پر دعا کروائی اور عنایہ کو اس مبارک موقع پر خصوصی مبارک باد پیش کی۔
رپورٹس کے مطابق عنایہ نے جولائی 2026 کے آخری ہفتے میں، تقریباً 27 سے 29 جولائی کے دوران، حفظِ قرآن مکمل کیا۔
سوشل میڈیا پر بھی سکندر رضا اور ان کی صاحبزادی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ صارفین نے عنایہ کی محنت، والدین کی دینی تربیت اور قاری محمد یوسف کی رہنمائی کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا ہے۔
سکندر رضا، جو اپنی کرکٹ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ سماجی اور دینی اقدار سے وابستگی کے لیے بھی جانے جاتے ہیں، نے اپنی بیٹی کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔













جمعہ 31 جولائی 2026 

